بھارتی فوج کے سربراہان پاکستانی ایف سولہ طیارہ گرانے کادعوی ثابت کرنے میں ناکام



اسلام آباد: بھارتی فضائیہ کے حملے سے پاکستان میں ہونے والے نقصانات کی حقیقت خودان کے ائر چیف نے بتا دی۔

پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی افواج کے سربراہوں نے آج پریس کانفرنس کی جس میں بھارتی ائر چیف پاکستانی ایف سولہ طیارہ گرانے کے دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہے ۔

انہوں نے چھتیس گھنٹے گزرنے کے باوجود طیارہ گرنے کا نہ کوئی ثبوت پیش کیا نہ ہی آزاد ذرائع سے کوئی تصدیق ہو سکی۔

بھارتی فضائیہ کے چیف ائیر وائس مارشل کپور نے بالاکوٹ میں تین سو افراد کے مارے جانے کے دعوے کی خود ہی تردید کر دی۔

ائیر وائس مارشل نے سوال کے جواب میں مارے جانے والے افراد کی تعداد نہ بتائی ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے حملے میں کتنے افراد مارے گئےاس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

بھارتی جرنیل پاک فضائیہ کا ایف سولہ طیارہ تباہ کرنے کے جھوٹ پر بھی کاربند رہے، ائیر چیف نے ایف سولہ طیارے کی تباہی کا ثبوت دیتے ہوئے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیا۔

وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کو بھارتی جرنیلوں نےجذبہ خیر سگالی ماننے سے بھی انکار کر دیا۔

بھارتی ائیر فورس کے چیف ڈھٹائی سے بولے پائلٹ کی رہائی جینوا کنونشن کے تحت ہے جسے جذبہ خیر سگالی نہیں کہا جا سکتا۔

آرمی چیف سریندرا سنگھ نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کشیدگی کم کرنے کا انحصار پاکستان پر ہے کیونکہ جارحیت انہوں نے شروع کی تھی۔

سریندرا سنگھ نے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام دہراتے ہوئے ہرزہ سرائی کی کہ جب تک پاکستان ٹیررازم کو سپورٹ کرتا رہے گا ہم کارروائی کے لئے تیار ہیں۔

دوسری طرف بھارتی چینل پر ایک تجزیہ کار نے بھی چینل کی جانب سے تصاویر کی صورت میں دیے گئے شواہد کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر پاکستانی ایف سولہ طیارے کے ملبے کی نہیں ہیں۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس وقت متحد ہے۔ میں نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو اقوام متحدہ میں ملاقات کے لیے خط بھی لکھا تھا لیکن خط کا جواب مثبت نہیں آیا جس کی وجہ وہاں کے انتخابات تھے اور مجھے خوف تھا کہ بھارت اپنے انتخابات سے قبل کوئی ڈرامہ کرے گا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور مثبت خبریں دیں انتشار پھیلانے کی کوشش نہیں کی لیکن بھارتی میڈیا نے بہت زیادہ انتشار پھیلایا جس سے لگتا تھا کہ کچھ نہ کچھ رسپانس ضرور ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کے ردعمل میں کارروائی کرتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایک طیارہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ ایک پائلٹ کو حراست میں بھی لے گیا۔

پاک فوج کے افسران کے رویے سے متاثر پائلٹ ابہی نندن کا کہنا تھا کہ میں  پاک فوج کےجوانوں نے میری بہترین انداز میں دیکھ بھال کی ہے،

انہوں نے اپنی فوج کو بھی پاک فوج کے افسران کا رویہ اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔


متعلقہ خبریں