بھارتی وزارت دفاع اپنی ائرفورس کی کارروائی سے لاعلم

بھارتی وزارت دفاع اپنے ائرفورس کی ائر اسٹرائیک سے لاعلم

فوٹو: فائل


نئی دہلی: بھارت کی جانب سے نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کے بعد نام نہاد ائر اسٹرائیک کا پول بھی کھل گیا۔ بھارتی وزارت دفاع بھارتی ائرفورس کی ائرسٹرائیک سے ہی لاعلم نکلی۔

بھارتی وزارت دفاع نے اپنے طیاروں کی بزدلانہ کارروائی پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ائرسٹرائیک کی کوئی اطلاع ہی نہیں ہے۔

ترجمان بھارتی وزارت دفاع نے کہا کہ انہیں پاکستان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا کوئی علم نہیں ہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ آج بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تاہم پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

یہ بھی پڑھیں

بھارتی فضائیہ کی دراندازی: پاک فضائیہ کی کارروائی پر دشمن فرار

بھارتی طیارے آج سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظفر آباد سیکٹر سے لائن آف کنٹرول پر تین سے چار میل آزاد جموں و کشمیر کی حدود سے داخل ہوئے تھے تاہم پاکستان ائر فورس کے طیاروں نے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

طیاروں نے جلد بازی میں واپس جاتے ہوئے بالا کوٹ کے قریب کھلے میدان میں اپنا پے لوڈ آف کیا اور فرار ہو گئے۔

پاکستان نے بھارت کو بزدلانہ کارروائی پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاکستان مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بھارتی دراندازی کے فوری بعد وزارت خارجہ کی جانب سے ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز اور سینیئر سفارت کاروں نے شرکت کی۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی ہنگامی اجلاس بلا لیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ دشمن فوج کے طیارے آزاد کشمیر کی حدود میں تین سے چار میل تک اندر آئے تھے۔


متعلقہ خبریں