اسلام آباد: ملک بھر میں آج دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔
جڑواں شہروں کی طرح لاہور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، گوجر خان، اوکاڑہ، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے تیز اور آہستہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث نشینی علاقے پانی سے بھر گئے ہیں جب کہ ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔
کراچی میں بھی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جب کہ پہاڑوں پر موسلا دھار بارش اور برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
بلوچستان میں بارش: لسبیلہ میں 4 افراد جاں بحق،لوگوں کی نقل مکانی
اسکردو، چلاس، دیامر، تانگیر دیر، کالام اور مالم جبہ میں برف باری سے لوگوں گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔ ملکہ کوہسار میں بھی پہاڑ برف سے ڈھک گئے،
محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مردان، کوہاٹ، فیصل آباد ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
گوجرانوالہ میں گزشتہ روز سے جاری موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ اروپ میں واقع سرکاری اسکول کے کمرے کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے خاتون ٹیچر شکیلہ واجد جاں بحق جب کہ پرنسپل گلزار اعوان زخمی ہو گئے۔
گجرات میں بار کے باعث گھر کی چھت گر گئی، ملبے تلے دبنے کے باعث 40 سالہ خاتون ساجدہ جاں بحق اور دو بچیاں 10 سالہ مسکان اور 8 سالہ ماہا زخمی ہو گئیں۔
پتوکی کی میونسپل کمیٹی میں چیف آفیسر کے دفتر کی چھت گرنے سے تین ملازمین زخمی ہو گئے جب کہ خانیوال مخدوم پور روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔
وادی لیپہ میں ریشیاں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے آٹھ سالہ طالبہ جاں بحق اور دو زخمی ہو گئیں۔
بلوچستان میں بھی دو روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جب کہ لسبیلہ میں سیلابی ریلے میں چار افراد بہہ گئے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں اور برفباری سے خیبر پختونخوا (کے پی) میں 14 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے۔ 15 فروری کو بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناروال 85 ملی میٹر، سیالکوٹ 48 ملی میٹر، جہلم 44 ملی میٹر، مری 42 ملی میٹر اسلام آباد 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ کالام میں 17، استور میں 6 اور مالم جبہ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔