نیب بنانے کامقصداحتساب نہیں سیاسی جماعتیں بنانا تھا،ندیم افضل چن



اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان اور رہنما تحریک انصاف ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ نیب بنانے کا مقصد سیاسی جماعتیں بنانا تھا، یہ احتساب نہیں ہورہا، جو کچھ ہورہا ہے اس سے مطئمن نہیں ہوں۔

پروگرام ندیم ملک لائیومیں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء ندیم افضل چن نے کہا کہ ملک میں نظام درست کرنا ہوگا، تحریک انصاف نے کوئی کیس نہیں بنایا۔ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی، جنہوں نے کیا یہ دونوں آج ساتھ بیٹھے ہیں۔

ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ جیلوں میں بہت سارے لوگ پڑے ہیں لیکن ان کی تاریخ بھی نہیں لگی، نیب ایک آزاد ادارہ ہے ہم اس سے کوئی نہیں پوچھ سکتا، ملک میں غریب اورامیرکے لیے الگ الگ قانون ہے۔ یہ وی آئی پی ٹرائل ہورہا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سیاست نظریہ کانام ہے، گالم گلوچ کا نہیں، اختلاف کا اظہارپارلیمانی زبان میں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کوچلانا حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے، جمہوریت کو مضبوط کرنا تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔

عدالتوں نے فیصلے کرنے ہیں لیکن ثبوت اداروں نے دینے ہیں،شیخ وقاص اکرم

سابق وفاقی وزیرشیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تحریک انصاف والے کہتے تھے کہ این آراو نہیں دیں گے لیکن اب کہتے ہیں فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، عدالتوں نے فیصلے کرنے ہیں لیکن ثبوت اداروں نے دینے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اداروں سے تحفظات ہیں تو اس معاملے پرقانون سازی کریں ۔  حکومت کی برتری کم ہے، یہ قانون سازی نہیں کرسکتی۔ جس کسی نے کرپشن کی ہے، اسے پکڑنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ نظام اچھا نہیں ہے کیونکہ ہم سارے اس کے ذمہ دارہیں، آج اس کاشکار ہم ہوئے ہیں تو ہمیں یہ نظام برا لگنے لگا ہے۔ کرپٹ عناصرکوپکڑنا اور اداروں کے حوالے کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اگر حکومت چاہتی ہے تو نظام کو مضبوط کرے۔

نیب کو حکومت نے متنازعہ بنایا ہے،مولابخش چانڈیو

پیپلزپارٹی کے رہنماء مولابخش چانڈیوکا کہنا تھا کہ ادارے آزاد ہیں تو حکومت کیسے کہتی ہے کہ یہ نہیں چھوڑیں گے، حکومت نان ایشوز میں الجھی ہوئی ہے کہ یہ ان کی بقاء ہے۔ نیب کو حکومت نے متنازعہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی کارکن احتساب سے انکارنہیں کرسکتا لیکن اس کا کوئی چہرہ بھی ہونا چاہیے، اسے مذاق نہیں بنانا چاہیے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس معاملے پرقانون سازی کے لیے سب کو ساتھ لے کرچلے۔

رہنماء پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیراعظم بے اختیارہیں، وہ کسی کو این آراونہیں دے سکتے۔ حکومت کو تبدیلی کے لیے ووٹ ملے لیکن انہوں نے تبدیلی نہیں دکھائی، حکومت احتساب کرنا چاہتی ہے تو سب جماعتوں کو پارلیمنٹ میں اعتماد لے،

حکومت نیب کو مخالف سیاسی جماعتوں کیخلاف استعمال کررہی ہے، ملک احمدخان

مسلم لیگ ن کے رہنماء ملک احمدخان نے کہا کہ  کیس کے اندر سے جان نہ ہو تو عدالت سے ضمانت ہوجاتی ہے۔آشیانہ سکیم میں تحریک انصاف نے کہا کہ کرپشن ہے لیکن آج عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں کوئی کرپشن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کو مخالف سیاسی جماعتوں کیخلاف استعمال کررہی ہے، یہ بدترین مثال ہے۔ حکومت کا جن چیزوں سے تعلق نہیں ان کی ترجمانی کرتی ہے۔

رہنماء مسلم لیگ ن نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے، یہ ہرسیاسی کارکن کا ہے۔ عمران خان کا بیانیہ آج ختم ہوگیا ہے۔

پروگرام میں جسٹس (ر) علی نوازچوہان نے کہا کہ قانون کے تحت اجازت ہے کہ کسی بھی جیل کا معائنہ کریں، ٹرائل شفاف ہونا چاہیے، جب تک کسی کو سزا نہیں ہوتی وہ معصوم ہے۔  نیب کے حراستی مراکزمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں، نیب نے مراکز تک رسائی نہیں دی ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں