وزیر اعظم قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے

وزیراعظم قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں سوالات کے جوابات دینگے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں ایوان کو سعودی ولی عہد کے دورے سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ایوان کو سعودی ولی عہد کے دورے کے علاوہ دیگر امور پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ جس کی صدارت وزیر اعظم کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پارلیمانی پارٹی میں سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر اظہارِ خیال کریں گے اور پارلیمانی پارٹی کو محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

عوام کے ساتھ جڑ کر مسائل حل کرنے کا طریقہ کامیاب ہوا، عمران خان

پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم کی مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی کے مسائل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر پارلیمانی پارٹی کو بریفنگ دیں گے۔ تحریک انصاف کے ارکان کو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر 16 فروری کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

سعودی شہزادے کے ساتھ شاہی خاندان کے افراد، وزرا اور اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان پہنچے گا۔ سعودی ولی عہد اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں