وزیراعظم نے گیس کے زائد بلوں پر اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں سوالات کے جوابات دینگے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: گیس کے زائد بلوں کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں گیس کے زائد بلوں کے معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جائے گی، وزیر پیٹرولیم غلام سرورخان اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو گیس بحران اور زائد بلنگ کی وجوہ سے آگاہ کیا جائے گا، اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن اور گیس کمپنیوں کے حکام بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر گیس کے زائد بلوں پر کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے گیس بلوں میں اضافے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہواتھا۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی تھی کہ وزارت جو بھی رپورٹ بنائے کمیٹی کو بھی بھیجے۔

گیس کمپنی حکام نے کہا تھا کہ صرف ایک سلیب کے ٹیرف کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا ہے کیونکہ  ایک سلیب کی قیمت 600 سے 1460 روپے پر چلی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں