رمضان شوگر ملز کیس : شہباز شریف اورحمزہ مرکزی ملزم نامزد

رمضان شوگر مل کیس کی سماعت آج ہو گی

فائل: فوٹو


لاہور:نیب نے رمضان شوگر ملز کیس میں تحقیقات مکمل کرکے شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہبازکو ملزم نامزد کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد کی زیر صدارت بورڈ میٹنگ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان شوگر ملز کیس میں  تحقیقات مکمل کرتے ہوئے کرپشن ریفرنس حتمی منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کرنیکے احکامات جاری کئے گئے۔

کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہبازکو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نامزد ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڈ روپے کی کرپشن کے الزام میں تحقیقات جاری تھیں۔ریفرنس چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت دائر کیا جائیگا۔

نیب لاہور کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری وزیر اعظم ملزم فواد حسن فواد کے خلاف بھی آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور ریجنل بورڈ کی جانب سے ملزم فواد حسن فواد کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔

نیب لاہور کے مطابق بہاولپور اور رحیم یار خان کے لینڈ ایکویزیشن کلٹرز کیخلاف روڈ توسیعی منصوبے میں 31 ملین کی مبینہ کرپشن کے کیس میں ملزمان کی پلی بارگین درخواست منظوری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ملزمان حسن محمود اور محمد فاروق پر بہاولپور تا رحیم یار خان روڈ توسیعی منصوبے میں مبینہ طور پر بوگس وائوچرز کے زریعے رقوم غبن کرنیکا الزام ہے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ کہ نیب میں “پسند نا پسند” سے مبرا ہو کر تحقیقات کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا عزم لوٹی گئی عوامی دولت کی واپسی اور “شفاف پاکستان” کا قیام ہے۔ نیب لاہور تمام میگا کرپشن مقدمات کی انتہائی  شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات مکمل کرکے جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچائے گا۔


متعلقہ خبریں