وفاق 18ویں ترمیم پر عمل نہیں کررہا،بلاول بھٹو


کندھ کوٹ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پیپلز پارٹی کے لیے مشکل کا دن ہے۔

کرم پور میں مرحوم میر ہزار خان بجارانی کی پہلی برسی کے موقع پرجلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا  کہنا تھا کہ پہلی برسی سب کے لیے بہت تکلیف دہ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میر ہزار خان بھٹو نے میرے نانا ذولفقار بھٹواور والدہ بینظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا تھا۔ ذولفقار بھٹو نے عوام کو جو متفقہ آئین دیا اس کے لیے میر ہزار خان نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ مجھے اس بات پر بہت فخر ہے کہ میں نے میر ہزار خان کے ساتھ کام کیا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ 18ویں ترمیم ملک کو مضبوط کرنے کے لیے ہے لیکن اس وقت بہت زیادہ خطرے میں ہے۔ بدقسمتی سے اس پر ہر طرف سے حملے کیے جا رہے ہیں لیکن ہم 18ویں ترمیم پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یہ طے کیا ہے کہ ہم آخری دم تک لڑتے رہیں گے لیکن پاکستانی عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق پر سمجھوتہ بالکل نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اگر سندھ کا دورہ کر رہےہیں تو اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سلیکٹڈ‘ حکومت عوام کے مسائل کا حل نہیں نکالتی اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کرتی۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حکومت نے عوام کا روز گار چھینا ہے، 18ویں ترمیم کےخلاف باتیں کی جارہی ہیں، اس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو کچھ کہا جھوٹ نکلا، حکومت نے صرف عوام کو بے روز گار کیا،
سیاست میں صرف عوام کی مرضی چلتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق 18ویں ترمیم پر عمل نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جانتے ہیں الیکشن میں پیپلزپارٹی کو شکست نہیں دے سکتے، شکست کے خوف سے یہ سازشیں کررہےہیں۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم ہمارے لیے مشکل وقت کھڑا نہیں کرسکتا، وسیم اکرام کہہ رہے ہیں میرا کیا قصور ہے؟ کم پیسے سے زیادہ کام ہو سکتےہیں۔


متعلقہ خبریں