اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پانچ ماہ کی ناکامیوں پر عمران خان کی ذہنی حالت خراب ہو گئی ہے جب کہ نواز شریف کی ساری زندگی پاکستان کو بنانے میں صرف ہوئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کو جیل میں ڈالنا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ اپنے تمام وعدے بھول گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ باجی نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا لیکن اُن سے رسیدیں نہیں مانگی گئیں اور نہ ہی جیل میں نہیں ڈالا گیا جب کہ جہانگیر ترین بھی ابھی تک آزاد گھوم رہے ہیں۔
مسلم لیگ نون کی رہنما نے کہا کہ عمران خان عوام کو بتائیں وہ جب سے اقتدار میں آئے ہیں تو ملک کے قرضوں میں کتنا اضافہ ہوا ہے، پانچ ماہ کے دوران اشیا خوردنوش اور ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف تین بار پاکستان کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور انہوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ نواز شریف نے ملک کو سی پیک اور موٹروے جیسے منصوبے دیے۔ ملک میں موٹروے، ایئرپورٹس اور شوکت خانم پر بھی نواز شریف کے نام کی تختیاں موجود ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ شہباز شریف سے حسد میں آپ نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنادیا لیکن وہ شہباز شریف کی طرح نہیں بن سکتے، عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنا کر پنجاب کی عوام کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے پانچ سالہ دور حکومت میں عوام کو تین میٹرو منصوبے دیے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کے منتخب وزیر اعظم نے یونیورسٹی میں بچوں سے جھوٹ بولا، عمران خان کی سیاست صرف جھوٹ پر مبنی ہے۔