کابل: امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد افغانستان پہنچ گئے ہیں۔
امریکی ایلچی افغان حکومت کو طالبان سے مذاکرات پر اعتماد میں لیں گے۔ خلیل زاد افغان صدر اشرف غنی سمیت اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے طالبان نے افغان حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
واضح رہے گزشتہ روز امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے قطر میں ہونے والے مذاکرات کے اختتام پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں بتایا تھا کہ افغان امن عمل پر خاطرخواہ پیشرفت ہوئی ہے مگر تمام امور پر اتفاق رائے تک کچھ بھی حتمی نہیں ہے۔
امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اپنے پیغام میں لکھا کہ دوحہ میں طالبان سے چھ روزہ مذاکرات کے بعد میں مشاورت کے لیے افغانستان جارہا ہوں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہاں پر ملاقاتیں ماضی کی نسبت زیادہ بہتر و سودمند رہی ہیں اور ہم نے اہم امور میں خاطر خواہ پیشرفت کی ہے۔
زلمے خلیل زاد کے مطابق ہم نے مثبت پیش قدمی کرتے ہوئے جلد مذاکرات کا آغاز کیا لیکن اب بھی کئی معاملات پر کام کرنا باقی ہے کیونکہ تمام امور پر اتفاق رائے ہونا لازمی ہے اور جب تک ایسا نہیں ہوتا کچھ حتمی نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق تمام امور میں افغان فریقین کے درمیان مذاکرات اور مکمل جنگ بندی شامل ہے۔
امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے طالبان سے مذاکرات کے لیے مثبت و تعمیری کردار ادا کرنے پر قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس کی اعلیٰ قیادت سے بھی اظہار تشکر کیا۔