خواجہ برادران کے ریمانڈ میں مزید سات دن کی توسیع

خواجہ برادران کیخلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت آج ہو گی

فوٹو: فائل


لاہور: احتساب عدالت نے پیرا گون اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید سات دن کی توسیع کر دی ہے۔

خواجہ برادران کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا منظور کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں دو فروری تک توسیع کر دی۔

نیب کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ خواجہ برادران سات روزہ راہداری ریمانڈ پر رہے جس کی وجہ سے ان سے تفتیش نہیں ہو سکی ہے۔ لہذا خواجہ برادران کے مزید ریمانڈ دیا جائے۔

خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ برادران کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے جب کہ ہم خواجہ برادران کے اکاؤنٹس پہلے ہی ظاہر کر چکے ہیں۔

امجد پرویز نے کہا کہ نیب کوئی نیا بینک اکاؤنٹ نہیں لا سکے ہیں اور نہ ہی ہم نے کوئی اکاؤنٹ چھپایا ہے جب کہ خواجہ برادران کا پیراگون سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو آج پانچویں بار احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

مسلم لیگی رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر احتساب عدالت جانے والے تمام راستے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیئے گئے تھے جب کہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں جب کہ دونوں بھائی نیب کو پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت تین مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتاری سے قبل خواجہ برادران نے چار بار عبوری ضمانت میں توسیع کرائی تھی۔


متعلقہ خبریں