معاشی اصلاحاتی پیکیج سے غربت کو بڑا دھچکہ لگے گا، علی حیدر زیدی


وفاقی وزیر برائے بحری امور نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی پیکیج کو غربت کے خلاف ایک بڑا حملہ قرار دے دیا ہے۔

علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ اس پیکیج سے سب سے بڑا دھچکہ غربت کو پہنچے گا۔ اب مشکل کے دن بہت کم رہ گئے ہیں۔ جلد ہی ہم اپنے قدموں پر کھڑے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ معیشت کے ظاہری خدوخال سنوارنے کی بجائے ٹھوس بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ بہترین اور مؤثر معاشی پیکیج  پیش کرنے پر وزیر خزانہ اسد عمر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اشرافیہ کی بجائے عوام کے مفادات کو معاشی حکمت عملی کی شکل دی گئی ہے۔ اس پیکج سے سرمایہ گردش میں آئے گا جس سے روزگار کے بے شمار مواقع جنم لیں گے۔

علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ برآمدات میں نمایاں اضافے کے بغیر قومی آمدنی میں اضافہ ممکن نہیں ہے۔ حکومتی آمدن میں اضافہ بھی پیداواری قوتوں کے مؤثر استحصال سے جڑا ہوا ہے۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیکسوں کی بھرمارکی بجائے ان کے منطقی اور مؤثر نفاذ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ ٹیکس چوری مشکل اور ٹیکس گزاری کو سہل بنانے پر محنت جاری ہے۔ایمانداری سے ٹیکس دینے والوں کو قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا انتظام کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں