کراچی:تجاوزات کے خلاف فیصلہ کن آپریشن رینجرز کی مدد سے ہوگا


کراچی: پاکستان ریلوے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے حکام نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا تو انہیں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

ہم نیوز کے مطابق قابضین نے سرکاری اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور شدید مزاحمت کی جس کے بعد حکام نے جاری آپریشن کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ سرکاری حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کے روز فیصلہ کن آپریشن کیا جائے گا اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلیٰ افسران سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر تجاوزات کا خاتمہ کرانے گئے تھے۔

سرکاری اداروں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا محمدی کالونی، مچھر کالونی اور برما کالونی میں کرنا پڑا۔

ہم نیوز کے مطابق مچھرکالونی کے مکینوں کا ماڑی پوروڈ پر ہونے والے احتجاج کے دوران لٹیروں نے ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں سے لوٹ مار کی جس کے نتیجے میں وہ بھاری مالیت کی نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم ہوگئے۔

متاثرہ شہری نے ہم نیوز کو بتایا کہ ماڑی پورروڈ پر لاقانونیت کا دور دورہ ہے اوراسلحہ بردار ملزمان سرعام شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی واٹراينڈ سيوريج بورڈ نے لائنزايريا ميں کارسروس اسٹيشنوں کے خلاف کريک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 دکانوں کے کنکشنز کاٹ ديے ہیں۔

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے ايم ڈی کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے کنکشنز سربہمرکرديے گئے ہيں۔

اپریل 2017 میں محمدی کالونی اور مچھر کالونی میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے سرکاری اراضی کے قابضین کے خلاف انسداد تجاوزات سیل نے آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے آغاز پر ہی وہاں قابض مافیا کے کارندے مشتعل ہو کر سڑکوں پہ آگئے تھے اور انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کرکے سرکاری املاک کو نہ صرف شدید نقصان پہنچایا تھا بلکہ ٹریفک کی فراہمی معطل کرکے عوام الناس کو گرمی میں اذیت میں مبتلا کردیا تھا۔

مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کے بعد  شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی تھی۔ مظاہرین نے اس پر پولیس موبائل اور ہیوی مشینری نذرآتش کردی تھی اورماڑی پور روڈ ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند کردی تھی۔ اس سڑک کی بندش سے گھنٹوں بدترین ٹریفک جام رہا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرین نے جب موقع پر پہنچنے والی پولیس موبائل کو چاروں اطراف سے گھیرا تو پولیس اہلکار اتر کر بھاگ گئے تھے۔ مظاہرین نے خالی موبائل دیکھ کراسے نذرآتش کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں