ملک بھر سے منشیات کا خاتمہ کریں گے، شہریار آفریدی


اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ہم اے این ایف کے ساتھ مل کر منشیات کا خاتمہ کریں گے۔ والدین کی سب سے بڑی ذمہ داری بچوں کی تربیت کرنا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے منشیات کے تدارک سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن بچوں کا کوئی وارث نہیں ہوتا تو ان کو ہم مدرسے بھیج دیتے ہیں لیکن اب حکومت ان بچوں کو حفاظت اور ذمہ داری لے گی۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت سے چھٹکارے کے لیے ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور جب تک ہم اکھٹے نہیں ہوں گے دشمن ہم پر حملہ کرتا رہے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہی نہیں ہو رہا کہ قوم کے معمار تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔ ہم نے اپنے بچوں کو ملازمین کے سپرد کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ دنیا ہماری عزت کرے تو ہمیں عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہم نے صرف اسلام آباد کو نہیں بلکہ اس قوم کو دنیا کے لئے مثال بنانا ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ گھروں میں والدین تکلیف میں مبتلا ہیں اور وہ کسی کو اپنا درد تک نہیں بتا سکتے ہیں۔ زندگی کی دوڑ میں ہم اپنی اصل ذمہ داریاں بھول جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں