وزیراعظم افرادی قوت قطر بھجوانے پر بات کریں گے، شاہ محمود


اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قطرمیں پاکستانیوں کی بڑی تعداد برسرروزگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دو روزہ دورہ قطر میں مزید پاکستانی افرادی قوت کو وہاں بھجوانے پر بات کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وہ وزیراعظم کے ہمراہ قطر روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کے سلسلے میں نئی تعمیرات ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں ہونے والی تعمیرات اوردیگر سرگرمیوں کے لیے افرادی قوت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے پاکستانیوں کوجو آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں کے ہنرمند ہیں انہیں بھجوانے پر بات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افرادی قوت کو قطر میں روزگار ملنے سے ملک کے فارن کرنسی ریزورز (زرمبادلہ کے ذخائر) میں بھی اضافہ ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران قطر کے ساتھ پاکستان کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس میں مزید اضافے کے امکانات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی بے پناہ گنجائش بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ قطر میں زرعی مصنوعات کی تجارت میں اضافے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر سے پاکستان کی ایل این جی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں مزید سہولیات اور بہتر شرائط کار پر بات چیت ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے قطر کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی پربھی بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں مصالحتی عمل میں قطر کے کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ قطرکے دوران اس کی قیادت سے افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت بھی ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق ایک سوال پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک خطے کو پہلے سے زیادہ مستحکم اور پرامن بنانے کے لیے مزید امکانات کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ اسلامی دنیا میں مفاہمت پیدا کرنے اور موجود غلط فہمیوں کو دورکرنے میں پاکستان کے کردار پر بھی بات ہوسکتی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر قطر روانہ ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم کے دورہ قطر کے حوالے سے قطری سفیر صقر بن مبارک المنصوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات مزید بہتر اور مضبوط بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔

قطری سفیر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قطری ہم منصب عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ آل ثانی سے بھی ملاقات کریں گے۔

صقر بن مبارک المنصوری کا کہنا ہے کہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں واضح بہتری نظر آ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مابین معاشی و توانائی شعبوں میں تعاون قابل ذکر ہے۔

قطرکے سفیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا دورہ قطر دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت تعاون کی نئی راہیں بھی متعین کرے گا۔


متعلقہ خبریں