چینی کمپنی کی ملازمین کو شرمناک سزا ،ویڈیو وائرل


اگر اگلی دفعہ آپ کا باس آپ کی کارکردگی کے حوالے سے میٹنگ طلب کرکے آپ کی ڈانٹ لگائے تو شکر ادا کریں کہ آپ چین میں نہیں رہ رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چین میں ایک کمپنی کے ملازمین کو کیسے ان کے باس نے ناقص کارکردگی پرانتہائی شرمناک سزا دی۔

چین کے مشرقی صوبے میں فلمائی گئی اس فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین ملازمین بھاری ٹریفک کے درمیان گھٹنوں کے بل چلتے ہوئی جا رہی تھی جبکہ مرد ملازمین اپنی کمپنی کے جھنڈے لہراتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ ملازمین کمپنی کی جانب سے طے شدہ اہداف کو مقررہ وقت پر پورا کرنے میں ناکام رہے تھے۔بعدازاں موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے دخل اندازی کرتے ہوئے سزا رکوائی۔

چین کےسوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں کی جانب سے متعلقہ کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صارفین نے حکام سے مطالبہ  کیا ہے کمپنی کے مالکان کو سزا دی جائے اور کمپنی کو بند کردیا جائے۔

چین میں آئے روز ایسے واقعات سامنے آ رہے ہیں جہاں ملازمین کے ساتھ  کمپنیوں کے اعلیٰ حکام کی جانب سے نارواں سلوک رکھا جاتا ہے۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کمپنی کے مینیجر نے اہداف پورا نہ کرنے کی سزا دیتے ہوئے اپنے ملازم کو تھپڑ مار دئیے، ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں ایک چینی کمپنی کی جانب سے ناقص کارکردگی کی صورت میں ملازمین کو پینے کے لیے گندہ پانی دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کو بہت سے پیچیدہ بیماریوں کا سامنا کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں