لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان بار کے انتخابات آج

فوٹو: ہم نیوز


جنوبی ایشیاء کی سب بڑی بار لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، پولنگ کا عمل نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور بار کے انتخابات میں مختلف نشستوں پر 32 امیدوار مدمقابل ہیں، سالانہ انتخابات کا میدان جوڈیشل کمپلیس میں سجایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بائیو میٹرک رجسٹریشن نہ کرانےکے باعث 22 ہزارمیں صرف آٹھ ہزار ووٹر حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

بار کے صدر کی سیٹ پرچوہدری اویس احمد قاضی، خواجہ نئیر اورمحمد عاصم چیمہ مدمقابل ہیں۔ سیکٹری کی سیٹ پرآصف شاکر، ابرار حسین چوہدری، پیر سید فرید الحق چشتی اورریحان احمد خاں سمیت  آٹھ امیدوار جبکہ سینئر نائب صدر کی سیٹ پر چھ امیدوارمیدان میں ہیں۔

لاہور بار ایسوسی ایشن میں جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ کےلیے پانچ، فنانس سیکرٹری، لائبریری سیکرٹری اورایڈیٹرکی سیٹ پردو دوامیدواروں کےدرمیان مقابلہ ہوگا،  ممبر ایگزیگٹوکی سات سیٹوں پرامیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔

ممبر ایگزیگٹو کی سیٹ کے لیے دس امیدورار ہوتے ہیں۔ کامیاب امیدواروں میں  تنویر احمد خان، رجب علی، عمیر راویل چوہدری، لیاقت علی سعید، مشرف انور قاضی، ملک محسن قیوم اور نیک محمد چوہدری شامل ہیں۔

ماڈل ٹاؤن اورکینٹ کچہری کےلیےنائب صدر کی ایک ایک سیٹ پر دو دو امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

وکلا کاکہنا ہے کہ ووٹرز کی تعداد کم ہونے کے باعث مقابلےمشکل ہوں گے اور اہم سیٹیں جیتنے کےلیے امیدواروں کو سخت محنت کرنا پڑے گی۔

فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات

فیصل آباد میں بھی ڈسٹرکٹ بار کے الیکشن کے لیے ووٹنگ نو بجے سے جاری ہے۔ صدر، نائب صدر اور سیکرٹری کے لیے تین تین امیدوار مد مقابل ہیں۔

واضح رہے کہ  شہر میں وکلا نے دو ماہ سے ہڑتال کر رکھی ہے مگرالیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، امیدوار وکلا نے اپنے ناموں کے ساتھ برادری کے بڑے بڑے پینا فلیکس لگا رکھے ہیں۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ صبح نو بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک جاری رہے گا، 750 خواتین سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 4500 ہے۔

ایڈوکیٹ نوید حیات ملک کو الیکشن کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔ صدارت کے عہدے کے لیے ایڈووکیٹ حسن الیاس کیفی اور چوہدری خانزادہ کے درمیان مقابلہ ہے۔

نائب صدر کے لیے شبنم رفیق اور طاہر محمود مدمقابل ہیں جب کہ جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے راجہ ارسلان ظہیر اور راجہ یاسر شکیل کا مقابلہ ہے۔

ملتان ڈسٹرکٹ بار انتخابات 

ملتان میں ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ انتخابات میں 15 نشستوں پر 33 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ انتخابات میں 4160 ووٹرز حق رائے دہی استمعال کریں گے۔

پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے جاری رہے گی، دوپہر ایک بجے سے دو  بجے تک نمازوکھانے کا وقفہ ہو گا۔

پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، وکلا کے لیے  گورنمنٹ سول لائنز کالج میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کچہری میں ہر قسم کی گاڑیوں کا داخلہ بند ہے۔

انتخابات کے لیے 12 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں سے ایک بوتھ خواتین کے لیے مخصوص ہوگا۔

راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات برائے سال 2019/2020 آج ہورہے ہیں، پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوا جو بغیر کسی وقفہ شام چار بجے تک جاری رہے گی۔ ڈسٹرکٹ بار کے 3046 ممبران اپنا حق رائے دہی استمال کریں گے۔

صدارت کی نشست کے لیے تین امیدوار ملک تحسین خالد، سید تنویر سہیل شاہ اور شاہد محمود عبا سی میدان میں ہیں۔ نائب صدر کی ایک نشست کے لئے سردار محمد سلیم ندیم اور شکیل احمد کھٹر آمنے سامنے ہیں۔

سیکرٹری کی نشست ہر جنید الطاف راجہ اور محمد شہزاد میر مد مقابل ہوں گے، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر عائشہ منظور عباسی، عبدالقدوس چوہدری اور واجد حسین راجہ کے مابین معرکہ ہوگا۔

فنانس سیکرٹری کی نشست پر عاطف شکیل اور سیکرٹری لائبریری کے لیے رضوانہ شہناز بلامقابلہ منتخب ہوگئی ہیں۔


متعلقہ خبریں