اسلام آباد: نیشنل پارٹی کے صدرمیرحاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ہمارے لیے 18 ویں ترمیم کی خاص اہمیت ہے جس پرکوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے اور حکومت بار بار اس ترمیم کو ختم کرنے کی بات کر چکی ہے
ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے دورانیے میں اضافے پر ہمیں تشویش ہے کیوںکہ آل پارٹیز کانفرنس میں سب پارٹیوں نے یہ طے کیا تھا کہ اس کی ایک مدت مقرر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی جانب سے ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ فوجی عدالتوں کے دورانیے میں اضافہ کی حمایت کرنی ہے یا نہیں ۔
انہوں نے اٹھارویں ترمیم کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسی سلسلے میں زرداری سے بھی بات ہوئی ہے۔
حکومت کا 18ویں ترمیم پر موقف واضح نہیں،مصطفی نواز کھوکھر
ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس وقت ہے کہ کرمنل لیگل سسٹم میں اصلاحات کے لیے قانون سازی کرے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عدالتوں کو مفلوج کیا ہوا ہے کیونکہ وہ تمام کیسز بھی فوجی عدالتوں میں جارہے ہیں جو انسداد دہشت گردی عدالتوں میں جانے چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 18ویں ترمیم پر کوئی واضح موقف نہیں دیا جس وجہ سے چھوٹے صوبوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ عمران خان خود اس سے متعلق وضاحت دیں کیوںکہ ان کے وزرا کئی بار 18 ویں ترمیم پر بات کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتساب صرف من پسند افراد کے خلاف کیا جا رہا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ اپنی وقعت کھو چکی ہے جبکہ حکومتی وزرا نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔
نواز شریف کیخلاف فیصلے سےمریم نواز کی مشکلات میں اضافہ ہو گا،عامر عباس
پروگرام میں موجود سابق نیب پراسیکیوٹر راجہ عامر عباس نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ میں نواز شریف کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو مریم نواز کے لیے بھی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کو چاہیے وہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس پر کوئی حتمی کارروائی کرے۔