اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا بحران تیسرے روز بھی جاری ہے اور شارٹ فال 2800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی ترسیل کی ذمہ دار کمپنیاں لیسکو، آئیسکو، میپکو اور فیسکو طویل لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں اور بعض علاقوں میں یہ دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہے لیکن ٹرانسمیشن لائنز کی ٹرپنگ کی وجہ سے ترسیلی نظام میں خلل آیا۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کا شارٹ فال تیسرئے روز800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے ۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ طلب و رسد میں فرق سے لوڈ مینجمنٹ کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لیسکو کے بند فیڈرز کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ شارٹ فال کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
لیسکو ذرائع کے مطابق کمپنی کی ڈیمانڈ 23 سو میگاواٹ بجلی ہے اور سسٹم بہتر ہونے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گزشتہ روز بھی گڈو پاور پلانٹ میں خرابی سے 745 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی تھی جس کے سبب لاہور میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور تین سے پانچ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ترجمان کے مطابق ٹرانسمیشن لائنز پر ٹرپنگ کی وجہ سے آئیسکو ریجن میں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق آگیا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم اس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں مختلف دورانئے کی لو ڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے۔