ٹرمپ ملاقات کے خواہشمند، پاکستانی سیاستدانوں کا مثبت ردعمل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کی بڑی طاقت ہے، اس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو نظر انداز نہیں جا سکتا، پاکستان چاہتا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری لائی جائے۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ک گزشتہ چند دنوں میں پاک امریکہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا فائدہ دونوں ممالک سمیت افغانستان کو بھی ہو گا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہمیں امریکہ کی جانب سے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے پر کسی طرح کی سخت مخالفت کا سامنا نہیں ہے، آئی ایم ایف کے آنے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

پاک امریکہ تعلقات میں بہتری موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے، فرخ حبیب 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے جو کہ موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر پاکستانی کے ساتھ ساتھ فوج کا بھی ہے، ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ (ن) لیگ کی بد قسمتی یہ ہے کہ ان کی قیادت پر بنے مقدمات انہی کے اپنے دورمیں چلائے گئے تھے۔

سب اپنے فائدے کے لیے کام کرتے ہیں، غلام مصطفیٰ

جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ ہمیں یہ بھولنا چاہیئے کہ پاکستان کس حد تک امریکہ پر انحصار رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ جس نظر سے دنیا کو دیکھتا ہے شاید ہم کبھی اس کو سمجھنے میں غلط ہوتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے بات کر جاتے ہیں پھر انہیں اس سے پیچھے ہٹنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو یہ نہیں سمجھنا چاہیئے کہ ایک دم امریکہ پاکستان کا دوست بن گیا ہے، سب اپنے فائدے کے لیے کام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک ایسا فارم بنانے کی ضرورت ہے جہاں تمام اسٹیک ہولڈرز بھی موجود ہوں، اس فارم میں تمام لوگوں سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے تا کہ کسی کو بھی کسی قسم کے اعتراضات نہ ہوں۔

ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکہ نے پاکستان کو وہ اہمیت دی جس کا وہ حامل ہے، ناصر شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر شاہ نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کی ایک لمبی تاریخ ہے، امریکہ اپنی ضرورت کے تحت پاکستان کا دوست بن جاتا ہے لیکن ملک کو وہ اہمیت نہیں دیتا جس کا یہ حامل ہے۔

سندھ حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں ہے، ہمارے پاس اچھی تعداد میں لوگ موجود ہیں، ایسے لوگ موجود ہیں جن کو اپنے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے جتنے بھی ہٹھکنڈے کر لے ہمارا ایک بندہ بھی ان کے پاس نہیں جائے گا، یہ لوگ خود لڑکھڑا رہے ہیں ہمیں کیا گرائیں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں اپنی عدالتوں سے پوری امید ہے کہ وہ مکمل انصاف کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت احتساب کی بات کرتی ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان کا احتساب انتقام پر مبنی ہے، اگر احتساب شفاف طریقے سے ہوتا تو کسی کو اعتراضات نہ ہوتے۔

صدر ٹرمپ کے بیانات بدلتے رہتے ہیں، سائرہ افضل تارڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ امریکہ کی دنیا میں ایک اپنی اہمیت ہے، پاکستان نے جس طرح امریکہ کا ساتھ دیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان نے بنا شرائط کے امریکہ کی باتیں مانیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صدر ٹرمپ کی کسی بات کو سنجیدہ نہیں لیتی کیونکہ ان کے بیانات دن اور رات کے آنے جانے کی طرح بدلتے رہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ (ن) لیگ کے ساتھ موجودہ حکومت کی جانب سے کیا کچھ نہیں کیا گیا، انہوں نے اپوزیشن کے لوگوں کے خلاف نیب کے مقدمات بنائے، حکومت دراصل نااہل ہے، ان سے کچھ سنبھالا نہیں جا رہا۔


متعلقہ خبریں