نواز شریف سے اہلخانہ اور پارٹی رہنما آج ملاقات کر رہے ہیں

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں آج ملاقات کا دن ہے۔ مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت اُن کے اہلخانہ اور مسلم لیگی رہنما ملاقات کریں گے۔

نواز شریف سے ملاقات کا وقت صبح نو بجے سے دو پہر دو بجے کا مقرر ہے۔ اس دوران اُن کے اہلخانہ نواز شریف کے لیے کھانا اور دیگر ضروریات کا سامان لے کر آئیں گے جب کہ نواز شریف اپنے اہلخانہ کے ہمراہ جیل میں دوپہر کا کھانا کھائیں گے۔

نواز شریف سے سابق  وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر داخلہ احسن قبال، پرویز رشید، مشاہد حسین سید، مشاہد اللہ خان، ڈاکٹر آصف کرمانی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، پرویز ملک، مصدق ملک، مریم اورنگزیب، طارق فضل چوہدری سمیت اہم مسلم لیگی رہنما ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے لیے مسلم لیگی ایڈوائزری کمیٹی نے بھی درخواست دے رکھی ہے۔

گزشتہ جمعرات کو بھی نواز شریف سے اُن کے اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی تھی جب کہ نواز شریف کے اہلخانہ نے اُن کے ہمراہ کھانا کھایا تھا۔

نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قید کے گیارہ روز گزر چکے ہیں۔

نواز شریف سے ملاقات کے لیے جمعرات کا روز طے کیا گیا ہے اور ہر جمعرات کو صبح نو بجے سے سہہ پہر دو بجے تک اُن کے اہلخانہ، پارٹی رہنما اور کارکنان نواز شریف کی اجازت کے بعد ملاقات کر سکیں گے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر 4470 الاٹ کیا گیا ہے۔

نواز شریف کو 24 دسمبر کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ میں بری کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں