لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چار ستونوں پر کھڑی ہے، اگر ایک صوبے کی حکومت گری تو وفاقی حکومت بھی گر جائے گی، ہم چاہتے تو یہ حکومت ہی نہ بنتی۔
پیپلز پارٹی کی پنجاب قیادت کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سندھ حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں، ان کی حیثیت ہی کیا ہے کہ لوگ سندھ حکومت گرائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کا نام ای سی ایل میں ڈال کر حکومت کیا ثابت کرنا چاہتی ہے؟ مراد علی شاہ سے کوئی سوال نہیں ہوا نہ کوئی پوچھ گچھ کی گئی، ڈائریکٹ نام دے دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری لاہور کا دورہ کریں گے اور لاہور بار سے خطاب بھی کریں گے ۔
وفاقی وزیر فیصل واڈا کا صحافی سے ناروا سلوک سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اور میڈیا نمائندوں کے درمیان جو معاملہ ہوا وہ افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ ٹھیک ہیں تو آپ جواب دیں کیوں اس طرح بات کر رہے ہیں، میڈیا کے ساتھ جس طرح وفاقی وزیر ایک سوال پر پھٹ پڑے وہ غلط ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب کے خلاف پانامہ کیس میں پیپلز پارٹی آگے رہی جبکہ پی ٹی آئی ہمارے ساتھ تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تب میاں صاحب سے گزارش کی تھی کہ پانامہ کیس پر ٹی او آر بنا دیں لیکن پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کا رخ کر لیا ہم تب بھی جے آئی ٹی کے حق میں نہیں تھے۔
اصغر خان کیس سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس معاملے پر بہت بولتے تھے، ہمارے دور میں اس کیس پر کچھ نہیں ہوا مگر ہم نے اس کے خلاف کچھ لکھا بھی نہیں، یہ لوگ انصاف کے دعویدار ہیں، انہوں نے تو اس کیس کے خلاف لکھ دیا۔
ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے، اس بات کا ذکر صرف سیاسی جماعتیں نہیں عام آدمی بھی کر رہا ہے۔ ان کے دور میں قرضوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، روپے کی قدر کم کرنے کے لیے اربوں روپے کے قرضے بڑھ گئے ہیں۔