پیپلز پارٹی کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے استعفیٰ کا مطالبہ

پاکستان کی فنانشنل اور معاشی صلاحیت غیر ملکی سامراج کو بیچ دی گئی، رضا ربانی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو نیب نے طلب کیا اور انہوں نے واپس آنے کے بعد کہا کہ میں نے نیب کو مطمئن کردیا ہے اب وہ نہیں بلائیں گے جب کہ نیب نے کہا کہ ضرورت پڑی تو دوبارہ بلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ آرہا ہے اور 155 ارب کے نئے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں لیکن پارلیمان کو کچھ نہیں بتایا گیا۔ اسی طرح آئی ایم ایف سے مذاکرات یا غیر ملکی دوروں پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، اگر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا جاسکتا تو پارلیمان کا کردار کیا ہے۔

رضا ربانی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے اقدامات ہو رہے ہیں اور اس کا علم حکومت کو نہیں ہے تو پھر کون حکومت چلا رہا ہے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ سندھ کو گیس کا شیئر نہیں دیا جارہا ہے وہاں انڈسٹری بند ہو رہی ہے، گورنر سندھ ان اراکین سندھ اسمبلی کے ساتھ گھوم رہے ہیں جو حکومت کو غیر مستحکم کر رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ جتنے بھی جمہوری اقدامات کسی بھی دور میں ہوئے ہیں اب اُن کا مذاق اُڑایا جا رہا ہے اور یہ معاشرے اور ریاست کے لیے انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ اس طرح سے معاشرے میں انارکی اور آمریت فروغ پائے گی۔

رضا ربانی نے کہا کہ ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کو بند کرنے کا کہا ہے جب کہ ایف آئی اے براہ راست وزیر اعظم کے ماتحت ہے اور ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ وزیر اعظم کے پاس سمری نہ گئی ہو۔


متعلقہ خبریں