لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی گزشتہ 38 سال سے تجاوزات کی زد میں ہے۔
1980 میں لیز پر حاصل کیے جانے والا نیشنل اسٹیڈیم 104.5 ایکڑ سے 45.7 ایکڑ پر آگیا ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی تاحال پی سی بی کو لیز پر نہیں مل سکی ہے۔
دستاویزات کے مطابق پی سی بی کو حکومتی اداروں کے ساتھ معاملات کے حل میں ناکامی کا سامنا ہے۔ گڑھی خدابخش اسٹیڈیم لیز کے لیے پی سی بی اور مقامی حکومت کے درمیان تاحال معاہدہ طے نہیں پایا۔
ہم نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق پی سی بی سالانہ آٹھ اسٹیڈیم پر 22 کروڑ اور 76 لاکھ روپے خرچ کرتا ہے جس میں سب سے زیادہ خرچا قذافی اسٹیڈیم لاہور پر 10 کروڑ 42 لاکھ روپے آتاہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر 5 کروڑ 41 لاکھ اور ملتان اسٹیڈیم پر دو کروڑ ایک لاکھ روپے سالانہ خرچ ہوتے ہیں۔
پنڈی اسٹیڈیم پر ایک کروڑ 36 لاکھ، ایبٹ اباد اسٹیڈیم ایک کروڑ ایک لاکھ، بگتی اسٹیڈیم پر ایک کروڑ 57 لاکھ، میر پور 63 لاکھ اور گڑھی خدا بخش اسٹیڈیم پر 35 لاکھ روپے سالانہ اخراجات آتے ہیں۔