کراچی: پی آئی بی کالونی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بارود سے بھری ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے اور پانچ مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر دستی بم پھینکے گئے اور فائرنگ بھی کی گئی تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ سے مشکوک موٹر سائیکل بھی ملی ہے جس کی ٹینکی میں بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جو ریموٹ سے منسلک تھا۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل کے مالک کا پتہ چل گیا ہے جو گزشتہ شام چار بجے چوری ہوئی تھی اور موٹر سائیکل کے مالک نے رات آٹھ بجے پی آئی بی تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی کے مطابق اطلاع تھی کہ بارود سے بھری گاڑی تیار کی ہے جو نیو ایئر پر کہیں استعمال کی جائے گی۔
تفتیشی حکام کے مطابق موٹر سائیکل کے ساتھ بوتل میں آدھا لیٹر پٹرول ڈال کر ٹنکی کے نیچے لٹکا دی تھی جب کہ ڈیٹونیٹر اور ایک دستی بم بھی موٹرسائیکل کے ساتھ لگایا گیا تھا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل تیار کرنے والے گروہ کا تعلق مفتی شاکر گروپ سےلگتا ہے، جو چوہدری اسلم اور انسپیکٹر شفیق تنولی پر خودکش حملوں میں ملوث تھا۔ موقع سے ملنے والے شواہد سے اس گروپ کے تانے بانے جیل میں مل رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ پولیس نے آپریشن کرکے موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے اور بارودی مواد ناکارہ بنایا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل چوری شدہ ہے اور اس کی ٹینکی میں بم تیار کیا گیا تھا، بم میں آٹھ سے دس کلو گرام بارودی مواد اور کیلیں بھی استعمال کی گئیں ہیں۔