کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی والے گھبرائیں نہیں، وفاقی حکومت ان کے ساتھ ہے۔ علی رضا عابدی کے قتل کی صرف مذمت نہیں کی بلکہ دہشت گردی کے خلاف باقاعدہ حکمت عملی بنا رہے ہیں۔
بدھ کے روز وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی اور گورنرسندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کی جس کے دوران عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی والے گھبرائیں نہیں، وفاقی حکومت ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے اور یہاں دہشت گردی کو جنم نہیں لینے دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنا پی ٹی آئی قیادت کا عزم ہے جبکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
گورنرسندھ نے کراچی کے امن میں رینجرز کے کردار کو بھی بے حد سراہا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ برائے مملکت شہریار آفریدی نے کہا کہ عوام کا تحریک انصاف پر اعتماد ہے اور پی ٹی آئی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن چاہتا ہے اسی لیے وزیراعظم عمران خان ان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کے مثالی اقدام اٹھائے جائیں۔
شہریارآفریدی نے کہا کہ وفاق اورصوبے مل کرشرپسندوں کا مقابلہ کریں گے۔ پاکستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ملک کے امن کے لیے ہم سب ایک ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ کارروائیاں کرکے شرپسندوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ کراچی کے امن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کا کردار ہے۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت اورسہولت کاروں کو پکڑیں گے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ کراچی امن کا گہوارہ بنا اور ہمیشہ رہے گا۔
واضح رہے کہ بدھ کو وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور پورٹ اینڈ شپنگ کے وفاقی وزیر علی زیدی کی گورنر سندھ سے ملاقات ہوئی جس کے بعد رہنماؤں کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان سے میٹنگ بھی ہوئی۔
اس ملاقات میں گورنرسندھ اور وزیر مملکت برائے داخلہ کو کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور علی رضا عابدی کے کیس میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین ملاقات میں ان اداروں کی استعداد بڑھانے کی تجاویز زیرغور لائی گئیں اور ساتھ ہی سیف سٹی ماڈل کراچی میں نافذ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
میٹینگ میں موجود وزیر مملکت برائے داخلہ نے تمام اہم تجاویز کو کابینہ اجلاس میں اٹھانے کا وعدہ کیا ہے۔