جنوبی پنجاب کے اہم شہروں میں کابینہ اجلاس کروانے کا فیصلہ


لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ صوبہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے پہلا صوبائی کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں 29 دسمبر کو ہوگا۔

سوموار کے روز ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے سیکرٹریٹ بنانے کے بعد ایک اور اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہفتے کے روز یہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام کابینہ اراکین، بیوروکریسی کے متعلقہ نمائندے اور دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ اہم علاقائی نمائندے اور عثمان بزدار اجلاس سے خطاب کریں گے۔

ترجمان وزیراعلیٰ کا اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عثمان بزدار کی رضامندی سے جنوبی پنجاب کے اہم شہروں میں کابینہ اجلاس منعقفد کیے جائیں گے۔

ان کا بتانا تھا کہ جنوبی پنجاب کے اہم شہروں میں منعقد کیے جانے والے کابینہ اجلاس کا مقصد وہاں موجود شہریوں کے مسائل حل کرنا ہے۔

شہبازگل نے کہا کہ اجلاس کا مقصد تخت لاہور کے تاثر کو ختم کرنا ہے۔ موجودہ حکومت عوام کے دروازے پر جاکر ان کے مسائل سنے گی۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منشور میں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے جلسوں اور سو روزہ ایجنڈے میں متعدد مرتبہ صوبہ جنوبی پنجاب کو بااختیار کرنے کی بات کی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ پچھلے سات سال تک 265 ارب روپے جو جنوبی پنجاب کا حصہ تھا اس کو اس حصے سے محروم رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اور وزیراعلیٰ بزدار نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا ہم اس کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورننس ماڈل اور ترقیاتی مڈال، یکساں اور انصاف پر مبنی ایک پنجاب کو ذہن میں رکھ کے بنایا جائے گا اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں