اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ حکومت کرپشن کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، کرپشن کے مرتکب کے لیے صرف سزائے موت ہونی چاہیے اور انہیں پھانسی پر لٹکایا جانا چاہیے۔
آصف علی زرداری اور نواز شریف پر بنے مقدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سردیوں کا موسم ہے لیکن سیاسی ماحول بہت گرم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹس لیک نہیں ہونی چاہیئے لیکن اگر ایسا ہے تو اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات ہوں۔
حکومت میں سنجیدگی کا فقدان ہے، رومینہ عالم
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما رومینہ عالم نے کہا ہے کہ حکومت نے جو بویا آج وہی کاٹ رہی ہے اور جے آئی ٹی رپورٹس لیک ہونا اس کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تو کب سے بتا رہے ہیں، ہر کام حکومت خود کر رہی ہے، فیصلے بھی اور سزا بھی، ہر کام حکومت کی رضامندی سے ہورہا ہے۔
رہنما (ن) لیگ نے بتایا کہ حکومت میں ہونے کا مطلب یہ نہیں کے رپورٹس لیک کر دی جائیں، تحریک انصاف کی حکومت جب سے آئی ہے ہر دن کوئی نیا کام کر دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہماری غلطیاں نہ دہرائے، انہیں چیزوں کو دوسرے انداز سے دیکھنے کی بہت ضرورت ہے اور اب حکمراں جماعت کو چوراور ڈاکو سے آگے بڑھ کر ملک کے معاملات سنبھالنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے معاملات پرجس سنجیدگی کی ضرورت ہے وہ بدقسمتی سے اس حکومت میں نظر نہیں آتی۔
حکومت صرف چند لوگوں کا احتساب کر رہی ہے، بیرسٹرعامر حسن
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن نے کہا ہے کہ حکومت صرف چند لوگوں کا احتساب کر رہی ہے۔ احتساب کا نظام ٹھیک کرنے کے لیے اسے سیاسی انتقام سے علیحدہ رکھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی اور کی آف شور کمپنی سامنے آتی ہے تو فوری کارروائیاں کی جاتی ہے لیکن تحریک انصاف کے لوگوں کو اس معاملے میں کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے، یہ کس طرح کا احتساب ہے۔