حکومت تنکوں پر کھڑی ہے، مجاہد بریلوی


اسلام آباد: تجزیہ نگار مجاہد بریلوی نے کہا کہ حکومت سیاسی حقائق پر چلتی ہے بیانات پر نہیں۔ اس وقت تحریک انصاف کی حکومت تنکوں پر کھڑی ہے کیونکہ عمران خان نے وہی غلطی کی ہے جو محترمہ نے کی تھی۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری بھی ن لیگ کے خلاف اسٹبلیشمنٹ کے لیے استعمال ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت اس طرح نہیں چلے گی جس طرح اس وقت چل رہی ہے کیونکہ دوسروں کے سہاروں پر رینگ رینگ کر حکومت نہیں کی جاتی۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ جب وزیراعظم خود مڈٹرم الیکشن کی بات کرے تو پھر دوسرے سیاست دان اندازہ لگا لیتے ہیں پھر زرادری کے پاس تو بہت تجربہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ قابل مذمت ہے اور اس طرح کے واقعات نہیں ہونے چاہیئے۔

پاکستان نے کہا تھا کہ اب اسکا افغان طالبان پر اتنا اثرورسوخ نہیں رہا ہے، سعد محمد

بریگیڈئیر(ر) سعدمحمد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پہلے کہہ دیا تھا کہ اب پاکستان کا افغان طالبان پر اتنا اثرورسوخ نہیں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان  کا میز پر آجانا ایک خوش آئند بات ہے جس کے نتائج اچھے ہوسکتے ہیں۔ طالبان نے یہ شرط رکھی تھی کہ وہ افغان حکومت سے نہیں امریکہ سے بات کرے گا۔ دوسری جانب طالبان افغان آئین کو تسلیم نہیں کریں گے لیکن امریکہ چاہے گا کہ کچھ ترامیم کے ساتھ اس آئین کو قائم رکھا جائے کیونکہ اس آئین کا خاتمہ امریکہ کی شکست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان دوبارہ خانہ جنگی شروع ہوجاتی ہے تواس کے پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں پر مالم جبہ اراضی کیس

پروگرام میں موجود اسماعیل خان ایڈیٹرڈان نیوز پشاور نے کہا کہ اس کیس کو میگا کرپشن کیس کہا جاتا ہے لیکن یہ کوئی اتنا بڑا کیس نہیں ہے۔ یہ تقریبا پر 265 ایکڑپر مشتمل تفریحی مقام ہے۔ اسے طالبان کی جانب سے تباہ کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ زمین سوات کی جانب سے حکومت پاکستان کو تحفے میں دی گئی تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اب یہ زمین ہے کس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پر ٹی او آر بھی بنے تھے۔ زمین پر نہ کسی نے قبضہ کیا اور نہ ہی کچھ اور۔ 265 ایکڑ اراضی اپنی جگہ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کیس پر آگے جا کر ریفرنس تو بن سکتا ہے لیکن اس پر مزید کچھ نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں