پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) پشاور نے مجھے مالم جبہ اراضی کیس میں کلین چٹ دے دی ہے۔
نیب آفس پشاور میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ مذکورہ کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں اور میں نے کسی سمری یا دستاویز پر دستخط نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کےنوٹس پرآج حاضرہوا تھا، مجھے اس لیے بلایا گیا کیوں کہ میں اس وقت وزیر سیاحت تھا، نیب میں میری آج پہلی اور آخری پیشی تھی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تفتیش کے دوران نیب کی جانب سے مجھے کوئی سوالنامہ نہیں دیا گیا۔
نیب کی پانچ رکنی ٹیم نے سوموار کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری زمین لیز پر دینے سے متعلق تفتیش کی تھی۔
قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، موجودہ سینئر صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز بھی نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔
نیب کا الزام ہے کہ سابقہ کے پی حکومت نے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری زمین لیز پر دی تھی جس میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔