رانا ثنااللہ کیخلاف بھی نیب کی تحقیقات شروع، ذرائع

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب میں سابق صوبائی وزیر کیخلاف درخواست دائر ہوئی تھی جس کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے رانا ثنا اللہ پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے انڈرپاس کا روٹ تبدیل کرکے من پسند افراد کو کروڑوں کا فائدہ پہنچایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنما پر فیصل آباد میں انڈرپاس کا نقشہ تبدیل کرانے کا الزام ہے۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا آغاز چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

نیب قبل ازیں مسلم لیگ(ن) کی پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کیخلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر چکا ہے۔ سابق وزیراطلاعات پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ(پی آئی ڈی) میں غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔

مریم اورنگزیب پر آمدن سے زائد اثاثوں اور پی آئی ڈی فنڈ میں خرد برد کا الزام ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نوازشریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور خواجہ برادران پہلے ہی نیب کی جانب سے بنائے گئے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں