اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مجھ سے اپوزیشن کے سات ارکان نے این آر او مانگا تھا۔ ملک کو لوٹنے والوں کو جیل جانا ہو گا۔
مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی عوام کا پیسہ لوٹا ہے اس کے اثاثے نیلام کر کے اسے ڈی چوک پر پھانسی دے دی جائے۔ کسی کو بھی این آر او نہیں ملے گا بلکہ ملک لوٹنے والوں پر مقدمات قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے جب کہ مجھ سے این آر او مانگنے والوں میں سے ایک رہنما اب بھی ایوان میں موجود ہے۔ اپوزیشن لیڈر پر مقدمات ہمارے دور میں نہیں بنے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کیا صاف پانی، ملتان میٹرو اور دیگر مقدمات بڑے اسکینڈل نہیں ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدالت میں اپنی کمائی سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم توقع کر رہے تھے کہ ایوان میں آج عوامی مسائل اٹھائے جائیں گے۔ اس ایوان پر عوام کے ٹیکسوں کا خرچہ ہوتا ہے اور ہم نے عوام کو جواب دینا ہوتا ہے کہ ایوان میں کیا کارروائی ہوئی ہے جب کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ایوان میں صرف الزام تراشیاں ہی ہو رہی ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ ماضی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بات پرحکمران خاموش ہوجاتے تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدرکو جواب دیا ہے۔
مراد سعید نے کرپشن کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی پیشکش کی تو اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی شروع کر دی گئی۔