اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینا مقابلے کی فضا پیدا کرنا ہے تاکہ عوام کے لیے کام کیا جاسکے۔
ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسد عمر سمیت کسی وزیر کو نہیں ہٹایا جارہا ہے سب اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سب کو دن رات کام کرنا پڑے گا کیونکہ مسائل بہت ہیں جن کا سامنا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وزرا بہت اچھا کام کررہے ہیں۔ ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ کسی وزیر کو تبدیلی کیا جارہا ہے۔
بھارت عمران کو اپنے ارادوں پر عمل کرنے کا موقع دے،اے ایس دلت
پروگرام میں موجود سابق را چیف امر جیت سنگھ دلت نے کہا کہ عمران خان کو چاہیئے آگے ہی چلیں کیونکہ وہ آگے بڑھنے والے کھلاڑی ہیں۔
امرجیت سنگھ نے بیان دیا تھا کہ مشرف کے بعد پاکستان عمران خان سے توقعات رکھ سکتا ہے۔
اپنے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیئے کہ عمران کو اپنے ارادوں پر عمل کرنے کا موقع دے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ مثبت اقدامات کرتے ہیں تو نتائج خود سامنے آتے ہیں۔
اے ایس دلت نے کہا کہ انہیں عمران خان سے بہت امیدیں ہیں۔ سب امن چاہتے ہیں اور نہ ہی جنگ ہوسکتی ہے۔
پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ حل نہ ہوسکا
پروگرام میں تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی کے موقف میں تضاد ہے۔ کے پی میں اسپیکر کیسے پی اے سی کا چئیرمین ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف کو ہی پی اے سی کا چئیرمین ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو غیر ضروری ضد نہیں کرنی چاہیئے کیونکہ سو روز میں کمیٹوں کا قیام نہ ہونا اچھا عمل نہیں۔
آج کا اجلاس تین ماہ بعد بلانا چاہیئے تھا، مظہر عباس
کابینہ کے طویل اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا عمل ہے لیکن ابھی اس کے نتائج کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن اتنی جلدی کسی چیز کا حتمی جائزہ ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سب کو اس طرح بلانا ایک اچھا عمل ہے اور یہ اطلاعات بھی ہیں کہ وہ اپنی وزارتوں پر دباؤ رکھنا چاہتے ہیں لیکن یہ اجلاس تین ماہ بعد بلانا چاہیئے تھا۔
مظہر عباس نے کہا کہ ابھی تو نہیں لیکن آئندہ تین ماہ بعد وزرا میں تبدیلی کی جاسکتی ہے لیکن ابھی ایسا کرنا بہت جلدی ہوگا۔ وزرا کے استعفوں کی افواہوں سے حکومت میں بے یقینی کی کیفیت پیدا ہوتی ہے اور پھر میٹنگ بلا لینا اچھا تاثر نہیں دیتا۔
کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا معاملہ، بلاول بھٹو کا بیان، ایم کیوایم کا ردعمل
ایم کیو ایم کے رہنما ریحان ہاشمی نے بلاول بھٹو کے بیان کے بارے میں انہوں نے کہ اس وقت مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بہت اچھا ہے اس وقت سندھ حکومت کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ کراچی میں بننے والی کچی آبادیوں کی کہیں نہ کہیں ذمےدار حکومت سندھ ہے اور یہ ان کی ہی نااہلی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ جن علاقوں میں کچی آبادیاں ہیں وہاں سستے گھر فراہم کیے جانے کی اسکیمیں بنائی جائیں اگر سندھ حکومت یہ نہیں کرپا رہی تو یہ ان کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پورشن مافیا کو پکڑیں۔
کچی آبادیوں کے خلاف آپریشن کے لیے وقت دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کم از کم اس کے لیے ایک سے ڈیرھ ماہ اور چاہیئے تاکہ درست طریقے سے کام کیا جاسکے اور باقاعدہ طور ان آبادیوں کو منتقل کیا جاسکے۔
بلاول بھٹو نے بیان دیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم عدالتی فیصلے تک آپریشن روک دیں۔