اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹ کمیٹی( پی اے سی) کی چیئرمین شپ کیلئے حکومت کے بعد اپوزیشن نے بھی لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور اپوزیشن لیڈر کے بجائے دوسرے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے معاملے سے پیچھے ہٹ گئی ہے اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے نام دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی اے سی کے لیے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، خواجہ آصف اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نام فیورٹ ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے قائمہ کمیٹیاں قائم کرنے کی تحریک پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کیلئے چیئرمین کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ قانون کے مطابق یہ عہدہ پر اپوزیشن لیڈر کے پاس ہونا چاہیے۔
حکومت کا مؤقف ہے ایسے شخص کو پی اے سی کا چیئرمین نہیں لگایا جاسکتا جسے کرپشن کے الزامات کا سامنا ہو۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا کہا گیا تھا جسے مسترد کردیا گیا۔