کراچی: جوڑیا بازار، برتن گلی اور کھجور بازار میں تجاوزات کا صفایا

کھجور بازار اور اس کے اطراف کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے


کراچی: شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن میں محکمہ کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے جوڑیا بازار، برتن گلی اور کھجور بازار میں بھی تجاوزات کا صفایا کردیا ہے۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد شہر بھر کے علاوہ اندرون سندھ اور بلوچستان سے خریداری کرنے آنے والے لوگوں کے من پسند پرانا بازار کے علاقے کی دکانیں بھی گرائی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سی) حکام کے مطابق آج کے آپریشن میں 150 شیڈ اور سینکڑوں دکانوں کے آگے تجاوزات ختم کی گئی ہیں، فٹ پاتھ اور 50 کے قریب دکانیں بھی گرا دی گئیں۔

انسداد تجاوزات حکام نے بتایا کہ کھجور بازار اور اس کے اطراف کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، اس کے بعد لی مارکیٹ کی جانب پیش قدمی کی جائے گی جہاں دکانیں واہ گزار کرائی جائیں گی، دکانداروں کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ 23 لاکھ  سے زائد آبادی والے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بھی گرینڈ آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، سات دسمبر سے تجاوزات اور قبضہ واگزار کرایا جائے گا۔ مارکیٹوں، دکانوں اور پتھاروں سمیت گھروں کے آگے کی جانے والی تعمیرات خود گرانے کے لیے مافیا کو وارننگ جاری کردی گئی ہے، 9 ایسے علاقوں کی نشاندہی ہوئی ہے جہاں حدود سے آگے 6 سے 10 فٹ جگہیں اضافی گھیری گئی ہیں۔

اورنگی ٹاؤن میں ضیاء کالونی،  گیارہ نمبر، 24 مارکیٹ، قصبہ موڑ اور اردو چوک سمیت دیگرعلاقوں میں تجاوزات کو ٹھکانے لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت شہریار آفریدی نے آج اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے لہٰذا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، قانون کی خلاف ورزی پر سزائیں بھی دی جائیں گی اس لیے قانون کی رٹ کو چیلنج نہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں