سندھی ثقافت کا دن، قریہ قریہ میلے کا سماں

کراچی سمیت سندھ بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام

  • گورنر سندھ عمران اسماعیل کا سندھی ثقافتی دن پر قوم کو پیغام
  • وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد کا سندھ کے یوم ثقافت پر مبارکباد کا پیغام
  • تقریبات کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک بھی جام رہا

کراچی: سندھ میں آج ثقافتی دن منایا گیا اور قریہ قریہ میلے کا سماں رہا۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے قوم کو پیغام دیا کہ باشعور قومیں ہرعہد میں اپنی ثقافت کو اپنی پہچان سمجھتی ہیں اورسندھی اجرک کا دن سندھ کی شان ہے جو آگے چل کر اور بڑھے گی۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی سرزمین وہ ہے جس کی ثقافت اور تہذیب اپنے آپ میں ایک تاریخ ہے۔

انہوں نے اس اہم دن پر پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں کو یہ خوشی مل کر منانے کی دعوت بھی دی۔

سندھ میں صوبے کی ثقافت کا دن منایا گیا تو ہر کندھے پر اجرک اور سر پر سندھی ٹوپی دیکھائی دی تو شہر شہر میلہ سج گیا۔ ڈھول کی تھاپ اور شہنائی کے سر بکھرے تو سڑکوں پر ہی رقص کا میلہ سج گیا۔

کیا چھوٹے کیا بڑے تمام عمر کے لوگ شانوں پر اجرک اور سر پر سندھی ٹوپی پہنے ثقافت کے رنگ میں رنگ گئے۔

روایتی لباس کے ساتھ  روایتی موسیقی اور سندھی کے میٹھے لہجے نے بھی ثقافتی دن کے لطف کو دوبالا کردیا۔

صوبے کے بڑے شہروں کے حوالے سے بات کی جائے تو بدین میں روایتی لباس پہنے ہوئے بچوں نے خوشی میں بڑوں کا منہ میٹھا کیا جبکہ کشمور میں مختلف تنظیموں اور شہریوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔

اس کے علاوہ دادو کے اسکولوں میں تقاریب ہوئیں، روایتی موسیقی پر طلبا کے رقص نے زبردست سماں باندھ لیا۔

اس کے ساتھ ساتھ گھوٹکی، نصیر آباد، سبی، حب، سجاول، میر پور خاص اور سانگھڑ سمیت سندھ بھر میں ریلیاں بھی نکالی گئیں اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیوں کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں بشمول شارع فیصل، فوارہ چوک، راشد منہاس روڈ اور دیگر شاہراہوں پراس وقت تک ٹریفک کا دباؤ ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ کسی شاہراہ پر ٹریفک جام نہیں البتہ روانی سست روی کا شکار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا سندھ کے یوم ثقافت پرمبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کے یوم ثقافت پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ سندھ کا سب سے بڑا ورثہ وہاں کے عوام کی بے لوث محبت کا جذبہ ہے۔

اس اہم دن پر اپنا پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی وفاق پاکستان کے اس خوبصورت گلدستے کے رنگوں کو اور تروتازہ کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ کی دھرتی قدیم ترین ثقافتی ورثہ کی امین ہے۔ سندھی ٹوپی اور اجرک سرزمین سندھ کی متنوع ثقافت کی گل رنگ علامت ہے۔


متعلقہ خبریں