تحریک انصاف نے 100 روز میں بساط سے بڑھ کر کام کیا: شاندانہ گلزار


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور پارلیمانی سیکٹری برائے تجارت شاندانہ گلزار نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پہلے 100 دن میں اپنی بساط سے دگنا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان کی زبان سے حکومت کے پہلے سو روز کی کارکردگی کے بارے میں سن کر ان کے رونگٹے کھڑے ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن سے بہترین اقدامات پر بھی انہیں تنقید سننے کے علاوہ اور کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں ایسے ذمہ دار لوگ بھی ہیں جو پچھلی حکومت کی غلطیوں کا کھل کہ اعتراف کرتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے مفتاح اسماعیل کی مثال دی۔

وہ ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 100 روزہ پلان جیسے مختلف اہداف مقرر کیے بغیر ملک کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جب بھی اسمبلی میں کوئی اچھا قدم اٹھانے کی کوشش کرتی ہے اپوزیشن اسے شور شرابے کی نظر کر دیتی ہے۔

جواب میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے سو دن میں حکومت کی کوئی خاطر خواہ کار کردگی نظر نہیں آئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک کے مسائل کے حل کی منصوبہ بندی مکمل ہونے کے دعوے کہاں گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن چند کامیابیوں کا ذکر کیا گیا ان میں سے بیشتر مسلم لیگ (ن) کے دور کے منصوبے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک رنگ برنگی تقریب میں سو روزہ پلان کے بلند و بانگ دعوے کیے گئے تھے اور آج ایک ملتی جلتی تقریب میں پلان کی کامیابی کے جھوٹے دعوے کئے گئے۔

تحریکِ انصاف کی حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر ردِعمل دیتے ہوئے سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی بھی قابلِ تعریف کام کرنے سے قاصر رہی۔

لیکن انہوں نے کرتارپور راہداری منصوبے کو ایسی پیشرفت قرار دیا جس کو سیاسی اختلاف سے بالاتر رہ کر سراہا جانا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کے سو دن کی کارکردگی سے متعکق سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ سو دن کسی واضح فرق کے لیے بہت کم ہوتے ہیں۔ اسی لیے ان کی حکومت نے بلند دعوے کرنے سے گریز کیا تھا۔

پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر تبصرہ کیا کہ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ کسی حکومت نے منصوبہ بندی کا اعلان کیا اور اس کی تکمیل کے بارے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی رپورٹ کا مثبت پہلو یہ ہے کہ پورا ملک اس پر بحث کر رہا ہے۔ اس سے حکومت کی جوابدہی کی ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے۔

انہوں نے حکومت کی پارلیمانی کارکردگی کو 100 میں سے 50 نمبر دیے۔


متعلقہ خبریں