جنرل قمر جاوید باجوہ ہمارے دلوں میں رہتے ہیں، گوپال چاؤلہ


اسلام آباد: گوردوارے ایسوسی ایشن کے چیئرمین گوپال چاؤلہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہمارے دلوں میں رہتے ہیں، میری خوش قسمتی ہے کہ پاک فوج کے سربراہ سے ملا۔

ہم نیوز کے مطابق گوپال چاؤلہ بھارتی ذرائع ابلاغ کو ’شٹ اپ‘ کال دیتے ہوئے کہا کہ بات کو غلط موڑ پر نہ لے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہاتھ ملانے پر منفی باتیں نہ کی جائیں۔

گوردوارے ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ منفی باتیں کرنی ہیں تو مجھ سے بات مت کرو۔ ان کا واضح طورپر کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں بھائی چارہ اور دوستی چاہتے ہیں۔

گوپال چاؤلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف ہم سے ہاتھ ملاتے ہیں تو اسے اپنے لیے فخر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تو محبتیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ عمران خان اور سدھو صاحب کی بات کریں اور منفی باتیں نہ کریں۔

حسبِ معمول بھارتی میڈیا نے سکھ رہنما گوپال چاؤلہ کی آرمی چیف کے ساتھ تصویر کو پسِ منظر سے کاٹ کر غلط رنگ دے دیا۔

آج وزیرِ اعظم عمران خان نے کرتارپورراہداری کا سنگ بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

کرتارپور راہ داری کے ذریعے بھارتی سکھ بغیر ویزے کے کرتارپور صاحب کے درشن کے لیے آ سکیں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں