کرتارپور بارڈر کھولنے کی تقریب، بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت سے معذرت

فوٹو: فائل


نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر کرتار پور بارڈر کھولنے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔

بھارتی  وزارت خارجہ سے جاری بیان میں سشما سوراج نےسرکاری مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے معذرت کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج کا کہنا تھا کہ وہ پہلے سے طے شدہ سرگرمیوں اور تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کی مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ تقریب میں  دو بھارتی وزرا ہرسمرات کور بادل اور مسٹر ایچ ایس پوری ان کی نمائندگی کریں گے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان حکومت راہداری بنانے کا کام جلد سے جلد مکمل کر لے گی۔

ایک دوسرے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ میری جانب سے معذرت کو غلط رنگ نہ دیا جائے، بھارت اس دعوت کا خیرمقدم کرتا ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، پنجاب کے وزیر اعلیٰ ارمیندر سنگھ اور کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہ ہمارا مثبت طرزعمل اور خلوص نیت پوری دنیا کے سامنے ہے۔

واضح رہے کہ 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کھولنے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ کی طرف سے اس تقریب کے دعوت نامے بھی ارسال کردیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں