بھارتی آرمی چیف سوچ سمجھ کر بیان دیں، ترجمان دفترخارجہ


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف سوچ سمجھ کر بات کریں۔ پاکستان افغان طالبان سے امریکہ کے براہ راست روابط کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے داخلی مسائل کا الزام پاکستان پر لگا کر کر انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارت کو ہمیشہ امن مذاکرات کی دعوت دی ہے جبکہ بھارت حق خودارادیت پر دہشت گردی کا لیبل لگانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔

تجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ بات تسلیم کرلینی چاہیے کے وہ ہر کشمیری مرد،عورت اور بچے کو دہشت گرد قرار دینے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور پاکستان کی کشمیری حریت پسند رہنما آسیہ اندرابی کے خلاف چارٹ شیٹ کی مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنماؤں کو بے بنیاد الزامات پر حراست میں لینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔

ڈاکٹر فیصل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان  کے حوالے سے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون کیا اور پاکستان کی جانب سے ٹرمپ کے بیان کے بعد ان کے ریکارڈ کی تصحیح کے لیے ٹویٹ کیے گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان نے ایس پی طاہر خان داوڑ سے متعلق کوئی معلومات نہیں دیں۔

وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ملائیشیا دورے کے دوران دہشتگردی کے خاتمے کےلیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق ہوا۔


متعلقہ خبریں