عمران خان نے چوری کے ووٹوں سے حکومت بنائی، بلاول

عمران خان نے چوری کے ووٹوں سے حکومت بنائی، بلاول | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چوری کے ووٹوں سے حکومت بنائی ہے۔

دورہ گلگت بلتستان کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ غیرپیشہ ورانہ انداز سے خارجہ پالیسی چلانا افسوس ناک ہے، عمران خان بیرون ملک بھی کنٹینر والی تقریرکرتے ہیں، پی ٹی آئی کو کنٹینر والی پالیسی سے باہر آنا چاہیے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم ملک کا تشخص خراب کر رہے ہیں عمران خان کو وفاق کی نمائندگی کرنی چاہیے، بیرون ملک سیاسی مخالفین  پر بات نہیں کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملک کی حمایت کے لیے جاتے ہیں لیکن ملکی سیاست پر بات کرتے ہیں، عمران خان روایت توڑتے ہیں تومجھےبھی بولنا پڑے گا۔

پاکستان پپیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میں بھی دنیا کو بتا سکتا ہوں کہ انہیں کس طرح حکومت ملی، عمران خان نے چوری سے ووٹ لے کر حکومت بنائی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انکروچمنٹ کے نام پر عوام کو بے گھر کیا جارہاہے، حکومت غریب دشمن پالیسی ختم کرے اور نئی پالیسی لے کر آئے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے سنجیدہ ہوکر کرپشن کو ختم کرنا ہے تو پھرسب کا احتساب کرنا پڑے گا لیکن اس حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لیے ایک بھی اقدام نہیں اٹھایا، یہ انتقامی سیاست کا سلسلہ ہے۔


متعلقہ خبریں