12 ربیع الاول،سندھ میں تین روز تک ڈبل سواری پر پابندی

دس سے 12 ربیع الاول کے دوران صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ

  • چپ تعزیئے کے جلوس پر پولیس کے 3608 افسران و اہلکار تعینات
  • شہر میں ٹریفک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے

کراچی:  12 ربیع الاول کے سلسلے میں سندھ حکومت کے پلان میں تبدیلی کردی گئی اورسندھ حکومت نے 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ سیکیورٹی پلان بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سندھ بھر میں دس روز کے بجائے  تین  روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ چپ تعزیہ اور بارہ ربیع الاول کے علاوہ ہرقسم کے جلسے جلوس، ریلی نکالنے، اسلحہ کی نمائش اور چار افراد کے جمع ہونے  پربھی پابندی ہوگی۔

پابندی کا اطلاق 10 سے 12 ربیع الاول تک ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق تینوں دن دفعہ 144 نافذ رہے گی اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اسی طرح ان ایام میں سندھ بھر میں اشتعال انگیز تقاریر ویڈیو، آڈیو کیسٹ چلانے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چپ تعزیئے کا سیکیورٹی پلان: 

آٹھ ربیع الاول کو نکالے جانےوالے چپ تعزیئے کے جلوس پر پولیس کے 3608 افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ پائلٹ اسکواڈ اور مین فزیکل سرچ پارٹی بھی موجود رہے گی۔

جلوس کے راستوں اور بلڈنگز کی چھتوں کے اوپر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

چپ تعزیئے کے جلوس کے دوران ٹریفک پلان:

کراچی میں ٹریفک پولیس نے چپ تعزیئے کے موقع پر ٹریفک کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

شہر میں چپ تعزیہ کا پہلا ماتمی جلوس نشتر پارک سے 6 بج کر 30 منٹ پر برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، موسی لین پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس شروع ہوتے ہی ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈ، انکل سریا چوک سے نشتر روڈ موڑ دیا جائے گا جبکہ ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ آنے والے ٹریفک کو، لسبیلہ سے نشترپارک اور نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائےگا۔

واضح رہے ابھی تک سندھ میں تینوں دنوں کے دوران موبائل فون سروس بند ہونے کے حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا نہ اس بارے میں کوئی کوئی ہدایت دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں