شہباز شریف این آر او کی کوشش میں ہیں، شیخ رشید



اسلام آباد: وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ چین سے جتنا بڑا پیکج عمران خان کی حکومت کو مل رہا ہے اتنا بڑا پیکج آج تک پاکستان کو نہیں ملا، سعودی عرب کے بعد ابوظہبی سے بھی ٹھنڈی ہوائیں آ رہی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کو علم ہو گیا ہے کہ پاکستان کو پہلی بار ایک ایماندار وزیراعظم ملا ہے، چین کے دورے میں کئی کمپنیوں نے شہبازشریف کے داماد کی کرپشن کی شکایت کی ہے۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صرف ایک ہی شخص این آر او مانگ رہا ہے اور وہ شہباز شریف ہے جبکہ آصف علی زرداری شروع سے ہی جیل کا خام مال ہے۔

ریلوے میں کی گئی اصلاحات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے کہنے کے مطابق 100 روز کی کارکردگی پیش کر رہا ہوں، ہم نے 11000 نوکریوں کا وعدہ کیا تھا اب تک 2031 افراد بھرتی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دس ٹرینیں چلانے کا وعدہ کیا تھا اس میں سے چھ ٹرینیں چلا چکے ہیں، اسی طرح 10 ہزار مال گاڑیوں کو31دسمبر تک نیلام کر دیا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ کچھ دنوں میں ریلوے میں مزید بھرتیوں کا اعلان کیا جائے گا، ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت لگانے جا رہے ہیں جبکہ گھوسٹ ملازمین کا پتا چلانے کے لئے بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ کی جانب سے پہلی قسط میں ریلوے کالونیوں میں 10000 بجلی کے میٹر لگائے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں