عافیہ کا معاملہ امریکی سفیر کے سامنے اٹھایا، دفتر خارجہ


اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی سفیر ایلس ویلز کے ساتھ ملاقات میں اٹھایا گیا ہے، جس کے بعد امریکی حکام نے پاکستان کی درخواست پرغورکرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ امریکی حکام کےساتھ  ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ بار بار اٹھاتے رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے باقاعدہ ملاقات بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کا مقصد ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی صحت کے حوالے سے ان کے خاندان کو آگاہ رکھنا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کوئی پیغام ہو تو وہ بھی ان کے خاندان تک پہنچایا جاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم  تعاون کریں اورعافیہ کو واپس لانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی جو ایک خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی بیٹی نے پکارا ہے تو حکومت ضرور تعاون کرے گی۔


متعلقہ خبریں