اسلام آباد: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار مسلسل منفی زون میں ٹریڈ کرتا رہا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 535 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس 40 ہزار 958 پوائنٹس پر بند ہوا۔
منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران مسلسل منفی رجحان رہا اور مارکیٹ میں استحکام نہ آسکا۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 730 سے بھی زیادہ پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
مارکیٹ کے آغاز پر 100 انڈیکس 41 ہزار 493 پر تھا تاہم آغاز میں ہی 100 انڈیکس میں 144 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور مارکیٹ 41 ہزار 349 پوائنٹس پر پہنچ گئی، جس کے باعث کاروباری حضرات شدید تذبذب کا شکار ہو گئے۔
مارکیٹ میں کچھ لمحے کے لیے مثبت رجحان بھی دیکھا گیا اور مارکیٹ میں 24 پوائنٹس کا اضافہ ہوا لیکن یہ معاملہ بھی زیادہ دیر برقرار نہیں رہا اور مارکیٹ ایک بار پھر منفی زون میں چلی گئی اور صبح دس بجے تک 100 انڈیکس میں 69 پوائنٹس کی کمی رہی اور انڈیکس 41 ہزار 424 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
پیر کو بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران شدید منفی رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 510 پوائنس کی کمی پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ روز مارکیٹ دن بھر شدید مندی کی لپیٹ میں رہی اور ایک وقت میں کے ایس سی 100 انڈیکس میں 950 سے زائد پوانٹس کی کمی بھی ہوئی۔