امریکی نائب وزیر خارجہ کی دفتر خارجہ، وزارت خزانہ میں اہم ملاقاتیں

مذاکرات میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا

فائل فوٹو


اسلام آباد: امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا اور سفیر ایلِس ویلز کی پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری فارن آفس آفتاب کھوکھر نے کی جبکہ وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے اعلیٰ افسران بھی وفد کا حصہ تھے۔

یہ ملاقات قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورامریکہ کے سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کے درمیان بات چیت کے میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ  سے ہونے والی پیش رفت سے متعلق ہے.

پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لئے اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔

دوسری جانب امریکی وفد نے خطے کا اہم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ  دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ مذاکرات کے دوران افغانستان میں امنعامہ کی صورتحال اورعلاقائی سلامتی پر بھی گفتگو کی گئی۔

مذاکرات میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اورعلاقائی امن وامان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ سے اس سے قبل امریکی سفارتخانے سے وزارت خزانہ پہنچیں جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

ایلس ویلز قطر ایئرلائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے آج دوحا سے اسلام آباد پہنچی تھیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ روز ایلس ویلز کے دورہ پاکستان کے بارے میں اطلاع دی تھی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایلس ویلز اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی جو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ہی کڑی ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ایلس ویلز کے اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مزید پائیدار اور مستحکم بنانا ہے۔

واضح رہے کہ ایلس ویلز کا رواں برس دوسرا دورہ پاکستان ہے، اس سے قبل اپریل میں اپنے دورے کے دوران امریکی نائب وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی۔


متعلقہ خبریں