پاکستان کبھی مسائل کے مستقل حل کی طرف نہیں گیا،عامر کیانی


اسلام آباد: وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر کیانی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 70 سالوں میں کسی مسئلے کے مستقل حل کی طرف نہیں گیا۔

پم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح گھر کا سربراہ سب سے پہلے اپنے گھر کی معیشت ٹھیک کرتا ہے اسی طرح ملک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی سب سے پہلے معیشت کو ٹھیک کرنا ضروری ہے۔

گزشتہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن دو نمایاں سیاسی جماعتوں نے ہمارے ملک کا دیوالیہ نکال دیا آج وہی ہماری حکومت پر برا بھلا بول رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے احتجاج میں عوام کا جو نقصان ہوا حکومت اس کو مکمل کرے گی کیونکہ یہ حکومت کا فرض ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ آسیہ بی بی کیس میں کون سا مستقل حل نکالا جا سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی خادم رضوی کے ساتھ نہیں حکومت کے ساتھ ہے، سب کے لیے ایک جیسا قانون ہونا چاہیے، ملکی مسائل کا بس یہی ایک حل ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا کہ آسیہ بی بی کیس کے حوالے سے ہونے والے احتجاج کا معاملہ ختم ہو گیا لیکن اس میں ریاست کمزور نظر آئی کیونکہ انہوں نے مذاکرات کیے اوراحتجاج کرنے والوں کے ساتھ معاہدہ کیا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے پاس عامر کیانی جیسے وزیر ہوں گے تو انہیں کسی دشمن کی ضرورت ہی نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں