سالانہ 5 ارب روپے عوام کی خدمت پر خرچ کیے، صدر الخدمت فاؤنڈیشن


راولپنڈی: صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں سالانہ 5 ارب عوام الناس کی خدمت پر خرچ کیے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے الخدمت رازی اسپتال اسلام آباد کی لیب کے افتتاح وچیرٹی ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ایک ارب روپے مالیت سے فنڈز قائم کر کے محفوظ ماں اور محفوظ خاندان پروگرام کے ذریعے 55 ہزار خواتین کو رجسٹرڈ کیا۔ جنہیں زچگی سے متعلق تمام میڈیکل سہولیات اور فوڈ فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ رازی اسپتال راولپنڈی کا آغاز 5 مرلے کی ایک عمارت سے ہوا اور آج وہ 6 عمارتوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ 70 ہزار بچوں کی پیدائش رازی اسپتال راولپنڈی میں جبکہ کچھ عرصہ قبل بننے والے رازی اسپتال اسلام آباد میں 8 ہزار بچوں کی پیدائش ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ ہم نے صحت کی پالیسی بناتے ہوئے پہلے دن ہی طے کیا تھا کہ بغیر منافع خدمت تو ہو گی ہی لیکن الخدمت اسپتال میں آنے والا کوئی بھی مریض پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہیں رہے گا۔ جس کے لیے ابتدائی طور پر 20 لاکھ روپے سے مریضو ں کے لیے ویلفیئر فنڈز قائم کیا اور آج ماہانہ 10 لاکھ روپے اس مد میں خرچ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 78 کروڑ روپے سے رازی اسپتال اسلام آباد کی توسیع کا منصوبہ جاری ہے اور جب بھی الخدمت نے کسی منصوبے کا آغاز کیا تو بہت کم وقت میں ہدف مکمل ہوا اور یہ ہدف بھی اہل خیر بہت جلد پورا کر دیں گے۔


متعلقہ خبریں