سی پیک سے پاکستان کو کتنی ملازمتیں مل سکتی ہیں؟


اسلام آباد: پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ملک بھر میں چار خصوصی اقتصادی زونز پر تیزی سے کام جاری ہے۔

ان زونز کے قیام سے بالواسطہ چار لاکھ 75 ہزار اور بلاواسطہ دس لاکھ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ملکی برآمدات میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔

سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے براہ راست روزگار کے مواقع کے ساتھ ساتھ  بالواسطہ طور پر علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں مقامی آبادی کو دو لاکھ، رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں ایک لاکھ، بوستان اقتصادی زون میں 55 ہزاراور دھابیجی خصوصی اقتصادی زون میں 80 ہزار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق رشکئی اکنامک زون میں دو ہزار سے زائد ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے، ایک ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل یہ زون تیز رفتار صنعت کاری کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔

وفاقی حکومت نے رشکئی اقتصادی زون کو تین مرحلوں میں تقسیم کر رکھا ہے جس کے تحت 210 میگاواٹ بجلی تین مرحلوں میں حکومت فراہم کرے گی، اس زون کیلئے حکومت نے ایک ارب 20 کروڑ 30 لاکھ روپے گیس کی مد میں رکھے ہیں۔

پہلے مرحلے میں 247 ایکڑ، دوسرے مرحلہ میں 355 ایکڑ اور تیسرے مرحلے میں 399 ایکڑ زمین ڈویلپ کی جائے گی۔ اس زون میں 80 فیصد مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا، ر شکئی خصوصی اقتصادی زون ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ ، ریلوے سٹیشن ، موٹروے اور شاہراہوں کے توسط سے پاکستان کے تمام صوبوں سے منسلک ہے۔

یہ زون خیبرپختونخوا کے پانچ بڑے اضلاع نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ اور پشاور کے سنگم پر واقع ہے۔ منسلک اضلاع میں ذرخیز زمین ہے جو مختلف قسم کی نقد آور فصلیں اور سبزیاں اگانے کیلئے موزوں ہے۔

رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں 400 سے زائد صنعتیں شامل ہوں گی جن میں گارمنٹس اور ٹیکسٹائل، گھریلو سازوسامان ، تجارتی سامان، الیکٹرانکس، آٹوموبائل اور مکینیکل مصنوعات شامل ہیں۔

علامہ اقبال اکنامک زون فیصل آباد میں بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے، یہ صنعتی منصوبہ پاکستان کی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، حکام کے مطابق علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے تحت مقامی آبادی کیلئے روزگار کے دو لاکھ مواقع سمیت مجموعی طور پر تین لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

بلوچستان میں بوستان انڈسٹریل کا خصوصی اقتصادی علاقہ صنعت کاری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔Pakistan Forward کے مطابق ہر زون ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل ہو گا، اس اقتصادی زون میں فروٹ اور خوردنی تیل کی پروسیسنگ، حلال فوڈ، زرعی مشینری، دوا سازی، موٹر بائیک اسمبلنگ، کرومائٹ، سرامکس اور الیکٹرونکس سے متعلق صنعتیں لگائی جائیں گی۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں سی پیک کے تحت دھابیجی خصوصی اقتصادی زون پر تیزی سے کام جاری ہے جس کیلئے 1530 ایکڑ اراضی خرید لی گئی ہے۔

اس زون میں سٹیل، آٹوموٹیو اور آٹو پارٹس، کیمیکل اور دوا سازی، الیکٹرانکس انجینئرنگ، ٹیکسٹائل، گارمنٹس اور تعمیراتی سامان کی صنعتیں لگائی جائیں گی


متعلقہ خبریں