ڈیرہ غازی خان:پولیس نےلادی گینگ کو چاروں طرف سے گھیر لیا


ڈیرہ غازی خان(نمائندہ اکرم شہزاد): پولیس نے لادی گینگ کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ آپریشن میں پنجاب رینجرز، ایلیٹ فورس، پنجاب پولیس اور بی ایم پی کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق لادی گینگ کے ٹھکانوں کو چاروں اطراف سے فورسز نے گھیرلیا ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے والے اداروں کے اہلکاروں نے رات دو بجے لادی گینگ کے ٹھکانوں کی طرف پیش قدمی شروع کی، جو ابھی بھی جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے روز بھی آپریشن جاری ہے لیکن لادی گینگ کے سرغنہ اور ارکان کا اب تک سراغ نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں: کچے میں آپریشن: 27ہائی پروفائل ڈاکوؤں کےسرکی قیمت مقرر

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق 3 روز قبل ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ نے 3 افراد کو اغواء کر لیا تھا جس کے بعد خیر محمد نامی مغوی کو فائرنگ کر کے اور محمد رمضان کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔

ڈاکوؤں نے آپریشن شروع ہونے کے بعد تیسرے مغوی کو آزاد کر دیا تھا جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گیا تھا۔

سیمنٹ فیکٹری کے عقبی پہاڑی سلسلے اور قبائلی علاقہ کشوبہ میں ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے اور اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

پولیٹیکل اسسٹنٹ حمزہ سالک کے مطابق لادی گینگ کے کارندے کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں روپوش ہیں۔


متعلقہ خبریں